اسلام آباد
وزیراعظم شہبازشریف کی ہدایت پراسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے بلوچستان اور سابق فاٹا کے طالب علموں کے لئے تعلیمی اخراجات ختم کردئیے ہیں۔
جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیاونگ سے جاری بیان کے مطابق یہ وزیراعظم شہبازشریف کا بلوچستان اور سابق فاٹا کے طالب علموں کے لئے بڑا تحفہ ہے۔وزیراعظم نے یہ اقدام بلوچستان اور سابق فاٹاکے طالب علموں کی اعلی تعلیم کی حوصلہ افزائی کے لئے اٹھایا ہے۔ اقدام کا مقصد قومی اتحاد، اخوت اور بھائی چارے کی فضا کا فروغ ہے ۔
اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں بلوچستان اور سابق فاٹا کے طالب علم مفت تعلیم حاصل کرسکیں گے ۔بلوچستان اور سابق فاٹا کے طالب علموں کے لئےتعلیمی پیکج سے متعلق باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔ طالب علموں کے پچاس فیصد تعلیمی اخراجات وفاقی حکومت ادا کرے گی ۔
طالب علموں کی پچاس فیصد فیس اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ادا کرے گی ۔وزیراعظم کی ہدایات پر یونیورسٹی سے نکالے گئے طالب علم بھی بحال کردئیے گئے ہیں۔ متعلقہ طالب علموں کو یونیورسٹی کی طرف سے جاری نوٹس بھی واپس ہوگئے ۔وزیراعظم شہبازشریف نے اسی طرح کی سہولیات وزیراعلی پنجاب کے طورپر طالب علموں کو دی تھیں۔