بلال یاسر
باجوڑ دھماکے میں زخمی ہونے والے دو اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد جاں بحق پولیس اہلکاروں کی تعداد 7 ہوگئی۔
گزشتہ شب پشاور کے ایل آر ایچ ہسپتال میں دوران علاج مزید دو سپاہی ولی ولد نور اللہ سکنہ غاخی ماموند اور عمران خان سکنہ اسلام ڈھیرئی چل بسے جس کے بعد جاں بحق پولیس اہلکاروں کی تعداد 7 ہوگئی۔
پولیس ترجمان کے مطابق پشاور کے ایل آر ایچ ہسپتال میں 9 مریض اب بھی زیر علاج ہیں جس میں 3 اب بھی بے ہوشی کی حالت میں زیر علاج ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز باجوڑ کی تحصیل ماموند کے علاقہ بیلوٹ فرش کے مقام پر انسداد پولیو مہم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس گاڑی پر ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ ہوا تھاجس میں ابتدائی طور پر 5 اہلکار جاں بحق جبکہ 28 زخمی ہوگئے تھے۔
واقعہ کی زمہ داری کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کی تھی ۔
دوسری جانب کل ہونیوالے واقعہ کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی باجوڑ ریجن میں نامعلوم دہشت گردوں کیخلاف درج کیاگیاہے۔
باجوڑ بم دھماکہ کے بعد دوسرے دن فضاء سوگوار رہی اور شہداء کے آبائی علاقوں میں بھی نماز جنازہ ادا کردی گئی اور ان کو سپردخا ک کیاگیاہیں۔
دریں اثناء باجوڑ کے تمام سیاسی جماعتوں نے تین دن کیلئے الیکشن مہم کو ملتوی کردیاہے اور10جنور ی تک کوئی بھی سیاسی تقریب منعقد نہیں کی جائیگی اور تمام سیاسی سرگرمیاں معطل رہی گی۔