آواران، 5 بہن بھائی تالاب نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے

بلوچستان کے ضلع آواران کی تحصیل جھاؤمیں5بہن بھائی تالاب میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔

یہ واقعہ گذشتہ روز پیش آیا۔

ڈپٹی کمشنر آواران عائشہ زہری کے مطابق تحصیل جھاؤ کے نواح سرمسانی بٹ میں ایک ٹھیکیدار نے سڑک کی تعمیر کیلئے گڑھا کھودا تھا جس میں بارش کا پانی جمع ہوگیا۔

انہوں نے کہاکہ 5 بچے پانی میں نہانے کیلئے اترے تو گہرائی زیادہ ہونے کی وجہ سے پانی میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے ،مرنے والوں 3 بہنیں اور 2 بھائی شامل ہیں۔

جاں بحق بچوں کی عمریں 6 سے 12سال کے درمیان ہیں، جاں بحق ہونے والے بچوں کی لاشیں پانی سے نکال کر اسپتال لائی گئیں جہاں ضروری کاروائی کے بعد لواحقین کے حوالے کی گئیں۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واقعہ پر گہرے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انکوائری کا حکم دیا ہے۔