ضلع ٹانک اور لکی مروت میں مردم شماری ٹیموں پر حملے، 2 پولیس اہلکار شہید،8 زخمی

خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک اور لکی مروت میں مردم شماری ٹیم پر دہشتگردوں کے حملوں کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید اور 8 زخمی ہوگئے۔

پولیس زرائع کے مطابق ٹانک میں گومل کے علاقہ کوٹ اعظم میں مردم شماری کی ٹیم پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے ایک پولیس اہلکار خان نواب شہید اور 8 اہلکار شدید زخمی ہوگئے جنہیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

دوسری جانب ضٌلع لکی مروت کے تھانہ صدر کی حدود میں مردم شماری ٹیم پرموٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی جس سے ڈیوٹی پر مامور ایک پولیس اہلکار دل جان شہید ہوگیا، نامعلوم حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔

پولیس کی جانب سے دونوں واقعات کے بعد سرچ اپریشن شروع کیا گیا ہے تاہم اب تک کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے.

ڈیرہ اسماعیل خان،مردم شماری ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس پر فائرنگ،1 شہید ،4 زخمی ہوگئے

واضح رہے کہ اس سے قبل 8 مارچ کو ٹانک اور لکی مروت سے متصل ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں مردم شماری ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئےتھے