بنوں میں طوفانی بارش کے نتیجےمیں خواتین اوربچوں سمیت4 جاں بحق،19 سے زائد زخمی

بنوں میں‌طوفانی بارش نے تباہی مچادی،مختلف حادثات میں دو بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 19سے زائد زخمی ہوگئے ہیں .

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع بنوں کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں سے دیوار یں،درخت اور بجلی کے کھمبے گرنے سے جانی و مالی نقصانات کے بعد ضلعی انتظامیہ نے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے.

بنوں میں ہسپتال زرائع نے اب تک بچوں اور خواتین سمیت 4 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جن میں دو کا تعلق تحصیل ڈومیل سے ہے۔

ریسکیو 1122 کے مطابق اب تک مختلف علاقوں سے 15 افراد کو ریسکیو کرکے ہسپتالوں میں پہنچایا گیا ہے جس میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

بنوں کے علاقے ککی، خوجڑی اور ہوید میں طوفانی بارشوں کی وجہ سے گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کی اطلاعات ہیں ۔

دوسری جانب تحصیل ڈومیل میں بھی طوفانی بارشوں نے تباہی مچادی ہےجہاں دو کمسن بچے گھر کی چھت گرنے سے جاں بحق ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 10 جون کو بنوں میں شدید طوفانی بارش سے 16 افراد جاں بحق جبکہ 150 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔