ارسلان سدوزئی
معروف ایکٹر عاشر عظیم پی ٹی وی کے ڈرامے دھواں کا ایک کردار ۔
ہر خاص و عام کو ضرور یاد ہو گا ۔لیکن اس کے ساتھ ہوا کیا ؟کیا آپ جاننا چاہیں گے ؟ توجی ایک ٹیلنٹڈ ایکٹر ہونے کے ساتھ ساتھ عاشر عظیم نے کسٹمز میں نوکری کر لی۔اور دھواں ڈرامے کے خمار میں لت پت یہ جوان ڈرامائی انداز میں کسٹم کا سسٹم بدلنے نکل گیا ۔رشوت کے پنوں میں لپٹی یہ سوسائٹی ،حرام و حلال کی تمیز سے بے بہرہ یہ معاشرہ کیونکر ایسے شخص کو عزت دے گا جو ان کا بنا بنایا سسٹم خراب کرے ۔
خیر پہلے عاشر عظیم کی کہانی تو پوری ہونے دیں ۔کسٹمز میں نوکری ہونے کے بعد اس دھوکے باز ،رشوت خور آدمی نے ملک کی بہتری کے لیے سوچ لیا۔سوچ آئی نہیں کہ بھائی صاحب چل پڑے سسٹم ٹھیک کرنے ۔ اور سسٹم بھی بھلا کون سا ۔وہ سسٹم جو سر سے پیر تک رشوت خؤری کے شیرے میں ڈبکیاں کھا کر رس گلا بن چکا تھا ۔
انہوں نے کسٹمز کے آفیسرز اور کرتا دھرتاوں کو مشورہ دیا کہ رشوت ختم کریں، باولے کو کیا پتا تھا کہ چئرمین صاحب نے ازرائے مذاق کہا ہو گا جا بیٹا سسٹم تیار کر ایسا نظام بنا جو رشوت کے حسین بازار میں صف ماتم بچھا دے۔
جوان نے دن رات محنت کی ،لائحہ عمل تیار کیا،اور ناقابل یقین طور پر انہوں نے ایسا کام کیا جس سے رشوت کے راستے بند ہو سکتے تھے!
لاو جناب محب وطن شہری پر مقدمہ کرنے کا وقت ہوا جاتا تھا۔ محکمہ کے افسران نے پوری دیانتداری سے دن رات کام کیا اور عاشر عظیم کو گرفتار کر لیا گیا۔۔۔سلسلہ یہاں رکا نہیں ان سے ناجائز سوچ کا بدلہ جیل میں بند کر کے لیا گیا۔بلکہ کئی بار جسمانی ریمانڈ بھی لیا گیا ۔اور حتی کہ خفیہ ایجنسیوں کے لیے کام کرنے کا الزام بھی لگا دیا ۔
اچھا اس میں حب الوطنی کا خمار تھوڑا بہت رہ گیا تھا تو اس نے سوچا بے گناہی ثابت کروں گا۔ پھر جیل سے رہا ہونے کے بعد صاحب بضد تھے کہ بیگناہی ثابت کروں گا۔(یار بندہ اس سے پوچھے تو ایان علی ہے جو بے گناہی ثابت کر لے گی )لیکن شاید وقت کے تھپیڑے اس کے نصیب میں تھے ۔کر کرا کے جیل سے رہائی ہوئی ۔انہوں نے قرض لیکر فلم مالک بنائی ۔جس نے ایک بار پھر ایماندار بیورکریسی ،حاجی نظام،اور اسلام کے قلعے کے تیراندازوں کو للکار دیا گیا ۔پھر ہوا یوں کہ ایمانداری ایک جگہ اکھٹی ہو گئی ۔سرمایہ ڈوب گیا ،فلم فلاپ اور کرپٹ عاشر سرٹیفائیڈ غدار ڈکلئیر ہو گیا ۔
بعد ازاں انہوں نے سوچا ہو گا اتنی ایمانداری اچھی نہیں چلو کافروں کے ملک چلتےہیں .
تو سنا ہے بھائی صاحب اب کینیڈا میں ٹرک چلاتےہیں ۔
نوٹ:خبردار میرے ملک کے ایماندار سسٹم یا اس کے حاجی باسیوں پر کسی نے انگلی اٹھائی ۔