محسن داوڑ پرترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈرز مسلسل فرد واحد کو دینے کا الزام،شمالی وزیرستان کے کنٹریکٹرزکا احتجاجی دھرنے کا اعلان

اسلام آباد:شمالی وزیرستان کے کنٹریکٹرز نے ایم این اے محسن داوڑ اور محکمہ پی ڈبلیو ڈی بنوں کی ملی بھگت سے منصوبوں کے ٹینڈرز مسسلسل فرد واحد کو دینے کے خلاف احتجاجی دھرنے کا اعلان کیا ہے.

گورنمنٹ کنٹریکٹر ایسوسی ایشن شمالی وزیرستان کے صدر فاروق داوڑ نے نیوز کلاؤڈ کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ناانصافی کے خلاف ہماری ایسوسی ایشن 19 اپریل کو پی ڈبلیو ڈی بنوں کے باہر احتجاجی دھرنا دے گی.

فاروق داوڑ نے الزام لگایا کہ ایم این اے محسن داوڑ نے پچھلے ایک سال سے تمام ترقیاتی منصوبوں کے ٹینڈرایک ہی ٹھیکیدار نظام داوڑکو الاٹ کرکے شمالی وزیرستان کے ٹھیکیداروں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے.

انہوں نے کہا کہ سارے پراجیکٹس ایک ہی ٹھیکیدار کو ایک مخصوص کمیشن پر دینے کے خلاف شمالی وزیرستان کے ٹھیکیدار وں نے مزاحمت کی لیکن انصاف نہیں ملا اور اب ہم احتجاجی دھرنا دے رہے ہیں.

فاروق داوڑ کا کہنا تھاکہ 19 اپریل کو پی ڈبلیو ڈی بنوں آفس میں شمالی وزیرستان کے سکیموں کا ٹینڈر ہونے جارہاہے ،میڈیا کے دوستوں سے اپیل کرتاہوں کہ وہ اس روز پی ڈبلیوڈی بنوں آفس کا دورہ کریں‌تاکہ وہ حقیقت سے باخبرہوجائیں.