ہنگو میں تیل اور گیس نکالنے والی کمپنی کی سائیٹ پرحملہ،6 سیکیورٹی اہلکارجاں بحق

خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں تیل اور گیس نکالنے والی غیر ملکی کمپنی کی سائیٹ پر شدت پسندوں کے حملے میں 6 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق ہوئے ہیں۔

ہنگو پولیس کے اہلکار اسد اللہ نے برطانوی خبررساں ادارے کو بتایا کہ یہ واقعہ ہنگو کی تحصیل ٹل کے علاقے آدم بانڈہ میں مول کمپنی کی ایکسپلوریشن سائٹ پر پیش آیاجہاں شدت پسندوں نے بھاری ہتھیاروں سمیت سنائپر سے حملہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ فرنٹیئر کانسٹیبلری کے چار جوانوں سمیت نجی سکیورٹی کمپنی کے دو سیکیورٹی گارڈ اس حملے میں جاں بحق ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ یہ کمپنی ہنگو میں عرصے سے تیل اور گیس نکالنے کا کام کر رہی ہے اور اس کی سکیورٹی پر ایف سی کے جوانوں سمیت نجی کمپنی کے گارڈز بھی تعینات ہوتے ہیں۔

واضح رہے کہ مول ہنگری کی کمپنی ہے جو پاکستان میں 1999 سے تیل اور گیس نکالنے میں مصرف ہے۔ ہنگو کی تحصیل ٹل میں بھی اسی کمپنی کے پاس تیل اور گیس نکالنے کا ٹھیکہ ہے، جسے ’ٹل بلاک‘ کہا جاتا ہے۔ ٹل بلاک میں ضلع کوہاٹ اور کرک کے کچھ علاقے بھی شامل ہیں، جہاں تیل و گیس کے ذخائر نکالنے کا کام جاری ہے۔