اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) میں پاکستان کے مستقل نمائندہ سفیر سید محمد فواد شیر کی سیکرٹری جنرل او آئی سی حسین ابراہیم طہ سے ملاقات کے دوران باہمی دلچپسی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا.
او آئی سی میں پاکستانی مشن کے جاری بیان کے مطابق منگل کو جدہ جنرل سیکریٹریٹ میں ہونی والی ملاقات میں او ائی سی کے ایجنڈے پر موجود باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ او آئی سی اور پاکستان کے درمیان تعاون والی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا۔
او آئی سی کے آئندہ سالانہ رابطہ اجلاس اوراسلامی سربراہی اجلاس کے دوران بحث کے لیے پیش کیے جانے والے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ان میں مسئلہ کشمیر، فلسطین، افغانستان، قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات، اسلامو فوبیا، اور کا مسٹیک اسلام آباد او آئی سی کی سائنسی اور تیکنیکی تعاون کی وزارتی قائمہ کمیٹی کے امور شامل تھے۔
فواد شیر نے جموں و کشمیر کاز کےلیے او آئی سی کی غیر متزلزل حمایت پر سیکریٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا اور اسلام آباد میں ہونے والے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر پر آو آئی سی کے پلان آف ایکشن پر مکمل عملدرآمد پر زور دیا۔
انہوں نے اسلامو فوبیا اور قرآن پاک کی بے حرمتی کے بار بار ہونے والے واقعات پر پاکستان کی جانب سے ان مذ موم واقعات کی شدید مذمت کا اعادہ کیا۔
سیکریٹری جنرل نے اور آئی سی کے ساتھ پاکستان کی مضبوط وابستگی اور مسلم دنیا کو درپش چیلنجز سے نمٹنے میں اس کی موثر شرکت کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ’ او آئی سی امت کے اجتماعی تشویش کے ایشوز پر پاکستان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے‘۔