علی امین گنڈاپور کو 6 دن کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیرعلی امین گنڈاپور کو عدالت نے 6 دن کے لیے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

آج بروز جمعہ سابق وفاقی وزیر کو جوڈیشل مجسٹریٹ نے ڈیرہ اسماعیل خان کے دونوں مقدمات سے ڈسچارج کر دیا جبکہ مزید دو مقدمات میں انہیں 6 دن کے لئے جوڈیشل لاک اپ سنٹرل جیل ڈیرہ اسماعیل خان منقتل کر دیا گیا۔

ان کے خلاف تھانہ کینٹ میں درج ایف آئی آر میں 149،147،341، اور 188 کی دفعات شامل ہیں.

ایک مقدمہ دفعہ 144 کے تحت درج کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ علی امین گنڈہ پور نے سکول اوقات میں روڈ کو بلاک اور نعرے بازی کی تھی۔دوسرا مقدمہ 2022 میں اشتعال انگیز تقریر پر درج کیا گیا ہے۔

علی امین نے عمران خان کی گرفتاری پر اسلام آباد پر قبضہ کا آڈیو بیان جاری کیا تھا جن کو متعدد میڈیا چینلز نے بھی آن ائیر کیا تھا۔

علی امین گنڈاپور کے خلاف اسلام آباد اور پنجاب میں بھی مختلف مقدمات درج ہیں اور آج اسلام آباد اور پنجاب کی پولیس نے بھی عدالت سے ان کی حوالگی کی استدعا کی لیکن کاغذات مکمل نہ ہونے پر وہ سابق وفاقی وزیر کو نہ لے جا سکے۔ عدالت نے پولیس کو ضروری دستاویزات مکمل کرکے دوبارہ عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز علی امین گنڈاپور نے وکلاء اور پولیس کے مذاکرات کے بعد پشاور ہائیکورٹ ڈیرہ اسماعیل خان بینچ کے گیٹ پر پولیس کو گرفتاری دی تھی۔