جنوبی وزیرستان لوئر کے سرحدی علاقے انگور اڈا میں وزیرقبائل نے انگور اڈا تجارتی گیٹ کی بندش اور مطالبات پورے نہ ہونے پر پولیو کا بائیکاٹ کرتے ہوئے دونوں اطراف سے گاڑیوں کی آمدورفت کو احتجاجا بند کرنے کااعلان کردیا ہے۔
آج پاک افغان بارڈر انگوراڈا گیٹ پر احمدزئی وزیر قبائل کا جرگہ منعقد ہوا۔جرگے میں متفقہ طورپر پر فیصلہ کیا گیا کہ کل 4 بجے سے انگوراڈا گیٹ پر دونوں اطراف سے گاڑیوں کے آمدورفت احتجاجاً بند ہوگی۔
جرگے میں زلی خیل، توجئے خیل، گنگی خیل اور قوم خوجل خیل کے علاوہ آل سیاسی پارٹیز ، وانا کونسلر اتحاد ، تاجر، ٹریڈ یونین کے رہنماؤں سمیت علاقہ مکینوں نے شرکت کی۔
جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے ملک محمد عمر وزیر ، ویلیج کونسل انگوراڈا کے چیئرمین مولانا محمد شریف، مولانا تسبیح اللہ ، نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ جنوبی وزیرستان لوئر کے چیئرمین سیدمحمد وزیر ، وانا کونسلرز اتحاد کے صدر صاحب خان وزیر ، اور ملک بوبرائی وزیر نے کہاکہ گزشتہ سال متفقہ طور پر مقامی حکام کے سامنے 18 مطالبات پیش کیے تھے اور حکام نے یقین دہانی کرائی تھی کہ یہ مطالبات ضرور حل کرائینگے، لیکن آج تک حل نہیں ہوئےہیں۔
ملک بوبرائی نے اعلان کیا کہ کل سے پولیو مہم سمیت انگوراڈا بازار کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کیے جائینگے اور یہ بھی واضح کردیا کہ انگوراڈا کسٹم سٹیشن احتجاجاً بند ہوگی، سرکاری اہلکاروں کےعوام کسی قسم کا رابطہ نہیں کریں گے، خلاف ورزی کرنےکی صورت میں 50 ہزار جرمانہ عائد کی جائیگا۔
جرگےنے 200 افراد پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے اپنے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ انگوراڈا میں تمام سرکاری تعلیمی ادارے اور صحت کے مراکز 15 دن کے اندر فعال کئے جائیں۔
جرگہ مطالبات کے مطابق گیٹ پر انگوراڈا کے مقامی عوام کے لیے گٹھڑی کی اجازت دی جائے، علاقے میں ٹیلی کمیونیکشن نظام کو بحال کیا جائے، انگوراڈا اور گردونوع کے باغات کے فروٹ خمرانگ چیک پوسٹ پر بغیر چیکنگ اجازت دی جائے، افغان شہریوں کو میڈیکل کی بنیاد پر تذکرہ کی اجازت دی جائے۔ تمام شناختی کارڈ ہولڈر کو خمرانگ چیک پوسٹ آزادی دی جائے۔
اس کے علاوہ انگور اڈا گیٹ پر ایکسپورٹ اور امپورٹ کی گاڑیوں کی تعداد بڑھا دی جائے، کلرینگ ایجنٹس کے لیے NLC ٹرمینل میں سہولیات دی جائے اور گیٹ پر روزانہ کی بنیاد پر کوئلے کی اجازت دی جائے نیز انگورآڈہ عوام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر نادرا سنٹر قائم کیا جائے.
جرگے کے دوران قوم نے متفقہ فیصلہ کیا کہ اگر حکومت نےان کےجائز مطالبات پورے نہیں کئے تو احتجاجی دھرنا جاری رہیگا۔