اسلام آباد میں افغان صحافی ڈاکوؤں کی فائرنگ سے شدید زخمی

خان زیب محسود

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے افغان صحافی شدید زخمی ہوگئے ہیں۔

افغان صحافی احمد حنائیش پر گذشتہ رات جی سکس سیکٹر میں ایمبیسی روڈ پر ڈاکوؤں نے دوران ڈکیتی مزاحمت پر فائرنگ کردی۔

تھانہ آبپارہ میں درج ایف آئی آر کے مطابق، احمد حنائیش اپنے ساتھی محسن طاہری کے ساتھ رات گیارہ بجے آبپارہ مارکیٹ سے جِم کی طرف جا رہے تھے جب ایک موٹرسائیکل پر سوار تین افراد ان پر حملہ آور ہوئے اور اُن سے فون اور لیپ ٹاپ چھیننے کی کوشش کی۔

ایف آئی آر کے مطابق ایک حملہ آور احمد کے دوست سے فون چھیننے لگا جبکہ دوسرے نے ان سے موبائل فون اور بیگ چھیننے کی کوشش کی اور اس دوران ہونے والی مزاحمت پر حملہ آوروں کی جانب سے دو فائر کیے گئے۔

ایک گولی صحافی احمد کے بائیں پاؤں پر لگی جبکہ اس دوران ان کی کنپٹی پر پستول کا بٹ مارا گیا جس سے وہ زمین پر گِر پڑے۔

واقعے کے بعد احمد کو پہلے ایمرجنسی میں پِمز ہسپتال لے جایا گیا جس کے بعد انھیں اب پرائیوٹ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

احمد ریڈیو آزادی،ریڈیو دنیا اور کہکشاں ریڈیو سے منسلک ہیں جبکہ وہ پاک افغان جرنلسٹ یونین کے رکن بھی ہیں۔

اسلام آباد پولیس نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ملزمان کا سیف سٹی کیمرہ کے ذریعے پتا لگا کر انھیں سزا دی جائے گی۔