500کے قریب افسران کا ریٹائرمنٹ سے قبل غیر ملکی شہریت اختیار کر نے کا انکشاف

اعجاز خان

پاکستان میں اہم اور حساس عہدوں پر تعینات 500کے قریب افسران کا ریٹائرمنٹ سے قبل ہی پاکستانی شہریت چھوڑ کر غیر ملکی شہریت اختیار کر نے کا انکشاف ہوا ہے ۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس کے دوران چیئرمین نادرا طارق ملک نے انکشاف کیا ہے پاکستان میں اہم اور حساس عہدوں پر فائز سرکاری افسران نے اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل ہی پاکستانی شہریت چھوڑ کر غیر ملکی شہریت اختیار کر لی ہے اور انہوں نے نادرہ سے پاکستان اوریجن کارڈ (پی او سی ) حاصل کر لیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ اہم عہدوں پر تعینات افسران ریٹائرمنٹ کے ساتھ ہی ملک سے ہجرت کر جاتے ہیں.

چیئرمین نادرا کے اس انکشاف پر جب پی اے سی نے سیکرٹری قانون سے استفسار کیا توا نہوں نے کہاکہ ہماری وزارت کے علم میں ایسی کوئی بات نہیں ہے کہ اہم اور حساس عہدوں پر تعینات افسران نے ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستانی شہریت چھوڑ دی ہے جس پر پی اے سی نے چیئرمین نادرہ کو ان افسران کی فہرست فوری طور پر کمیٹی کو فراہم کرنے کی ہدایت کردی .