عبدالخالق اچکزئی بلوچستان اسمبلی کےبلامقابلہ سپیکر اور غزالہ گولہ ڈپٹی سپیکر منتخب

پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے کیپٹن ریٹائرڈ عبدالخالق اچکزئی بلوچستان اسمبلی کے بلامقابلہ سپیکر جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی غزالہ گولہ بلامقابلہ ڈپٹی سپیکر منتخب ہو گئیں۔

بلوچستان اسمبلی کے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے لیے کاغذات نامزدگی کے لیے جمعرات کی دوپہر 12 بجے کا وقت مقرر کیا گیا تھا تاہم عبدالخالق اچکزئی اور غزالہ گولہ کے مقابلے میں کسی امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔’

پریزائیڈنگ آفیسر اورعوامی نیشنل پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی انجینئر زمرک اچکزئی نے عبدالخالق اچکزئی سے عہدے کا حلف لیا جس کے بعد نومنتخب سپیکر نے کرسی صدارت سنبھال لی۔ انہوں نے بعد ازاں غزالہ گولہ سے ڈپٹی سپیکر کا حلف بھی لیا۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) نے حکومت سازی کا فارمولہ طے کیا ہے جس کے تحت سپیکر کا عہدہ مسلم لیگ (ن) جبکہ ڈپٹی سپیکر کا عہدہ پیپلز پارٹی کو ملا ہے۔