ڈیرہ اسماعیل خان،لینڈ مائنز اور بارودی مواد کے خطرات سے آگاہی بارے تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

ڈیرہ اسماعیل خان:پراونشیل ڈیزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے ) اور انٹرنیشنل ریڈ کراس کمیٹی کے زیر اہتمام لینڈ مائنز اور بارودی مواد کے خطرات سے آگاہی کے بارے میں 3 روزہ تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا۔

ورکشاپ میں جنوبی وزیرستان اپر اور لوئر کے 40 سے زائد کمیونٹی لیڈرز کو تربیت دی گئی تاکہ ان کے ذریعے علاقے میں موجود بارودی مواد کے حوالے سے لوگوں میں معلومات اور شعور کو اجاگر کیا جا سکے اور عام لوگوں کو اس حوالے سے درپیش خطرات کو کم سے کم کیا جا سکے ۔

ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے ثوبیہ حسام طورو نے بتایا کہ اس ٹرنینگ کا مقصد یہ ہے کہ ان علاقوں میں لینڈ مائنز کا خطرہ موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقتاً فوقتاً ان علاقوں کے رہائشی بالخصوص بچوں ،خواتین اور مردوں کو لینڈ مائنز کی وجہ سے یا تو زندگی سے ہاتھ دھونے پڑتے ہیں اور یا پھر عمر بھر کیلئے معذور ہو کر نہ صرف اپنے خاندان بلکہ معاشرے پر بھی بوجھ بن جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس کے سد باب کا صرف ایک ہی طریقہ ہے کہ لوگوں میں اس حوالے سے شعور بیدار کیا جائے جس کیلئے پی ڈی ایم اے انٹرنیشنل ریڈ کراس کمیٹی کے ساتھ مل کر پورے قبائلی علاقے میں ایسی تربیتی ورکشاپس کا اہتمام کرتی ہے جس میں مقامی لوگوں نے گہری دلچسپی کا اظہار بھی کیا ہے ۔

ثوبیہ حسام طورو نے مزید بتایا کہ ہمارا اگلا ٹارگٹ اس قسم کی تربیتی ورکشاپ کا اہتمام شمالی وزیرستان اور خاص طور پر ٹی ڈی پیز کے سلسلے میں ہیں تاکہ وہ جب بھی اپنے اپنے علاقوں میں جائیں تو لینڈ مائنز کے بارے میں انہیں مکمل معلومات ہوں اور ان کی زندگیاں کسی بھی قسم کے خطرے سے دوچار نہ ہو۔

واضح رہے کی جنوبی وزیرستان اپر اور شمالی وزیرستان میں لینڈ مائنز دھماکوں میں اب تک متعدد افراد جاں‌بحق یا معذور ہوگئے ہیں۔