اٹلی میں تارکین وطن کو لانے والی کشتی چٹانوں سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں پاکستانیوں سمیت 59 افراد ہلاک ہو گئے۔
خبررساں ادارے ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق بحری جہاز کئی روز قبل پاکستان، افغانستان، ایران اور کئی دیگر ممالک کے تارکین وطن کے ساتھ ترکی سے روانہ ہوا تھا اور اٹلی کے علاقے کلابیریا میں طوفانی موسم میں گھِر کر تباہ ہوگیا۔
اٹلی کے صوبے کروٹون کے میئر ونسنزو ووس نے 59 ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے جبکہ عہدیدار صوبائی حکومت مانویلا کررا کے مطابق حادثے میں 81 افراد زندہ بچ گئے ہیں، جن میں سے 22 کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
مانویلا کررا نے کہا کہ یہ کشتی 3 یا 4 روز قبل مشرقی ترکی میں ازمیر سے روانہ ہوئی تھی، زندہ بچ جانے والوں نے بتایا کہ جہاز میں 140 سے 150 افراد سوار تھے۔
انہوں نے کہا کہ زندہ بچ جانے والوں میں زیادہ تر کا تعلق افغانستان سے ہے، ان میں کچھ پاکستانی اور ایک جوڑا بھی شامل ہے جن کا تعلق صومالیہ سے ہے، مرنے والوں کی قومیتوں کی شناخت مشکل ہے۔
گارڈیا دی فنانزا کسٹم پولیس نے بتایا کہ زندہ بچ جانے والے ایک شخص کو تارکین وطن کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے، اطالوی ریڈ کراس کے ایک عہدیدار نے کہا کہ کشتی پر سوار بہت کم بچے زندہ بچ سکے ہیں۔