ضلع کرم کی تحصیل صدہ میں مسافر کوچ اور کار پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے خاتون اور سکیورٹی اہلکاروں سمیت 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرکرم محمد عمران کے مطابق صدہ بازار کے قریب مسافر کوچ اور کار پر مسلح افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی،
انہوں نے کہاکہ حملہ آوروں نے پاراچنار سے پشاور جانے والی دو گاڑیوں کو نشانہ بنایا جس میں ایک گاڑی کا ڈرائیور، 2 سکیورٹی اہلکار اور ایک خاتون جاں بحق ہوئی جبکہ 3 افراد زخمی ہوگئے.
محمد عمران کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی گرفتاری کی کوشش کی جارہی ہے اور علاقے میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ضلع کرم میں گزشتہ کئی ماہ سے مسافر گاڑیوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے جن میں اب تک متعدد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔