شمالی وزیرستان میں ماڑی پٹرولیم کے اغوا ہونے والے 4 اہلکاروں کو آپریشن میں بازیاب کیا گیاہے،واقعہ میں دو عسکریت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔
شمالی وزیرستان میں ایک سیکیورٹی اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر نشریاتی ادارے مشال ریڈیو کو بتایا کہ ماڑی پٹرولیم کمپنی کے چار ملازمین جمعرات کے روز میرانشاہ تحصیل کے انگرکلی کے قریب تیل اور گیس کا سروے کر رہے تھے جنہیں واپسی پر عسکریت پسندوں نے اغوا کرلیا۔
انہوں نے مذید تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ فورسز نے ان چاروں کو بازیاب کر لیا،کارروائی کے دوران تحریک طالبان پاکستان کے علیم خان گروپ کے دو عسکریت پسند بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
فوجی اہلکار نے مذید بتایا کہ آپریشن کے دوران دو مغوی ملازمین اور ایک فوجی زخمی ہوئے ہیں جنہیں میرانشاہ اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔اغوا ہونے والوں میں سے ایک کا تعلق کرک اور تین کا پنجاب سے ہے۔
ماڑی پٹرولیم کمپنی گزشتہ کچھ سالوں سے شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام اور شیوا میں گیس اور پٹرولیم کی تلاش کر رہی تھی اور گزشتہ سال انہیں شیوا میں گیس کا بڑا ذخیرہ ملا تھا۔ اس کمپنی نے اب میرانشاہ اور رزمک میں تیل اور گیس کی تلاش شروع کردی ہے۔