گوادر: مقامی عدالت نے حق دو تحریک کے سربراہ اور جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری مولانا ہدایت الرحمان کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔
پولیس نے گزشتہ روز گوادر حق دو تحریک کے رہنما مولانا ہدایت الرحمان کو گوادر سے گرفتار کیا تھا جنہیں ایڈیشنل سیشن جج کوئٹہ کی عدالت میں پیش کیا گیا۔
پولیس نے مولانا ہدایت الرحمان سمیت دیگر 3 ملزمان کو بھی عدالت کے روبرو پیش کیا اور ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے تمام ملزمان کو 4 روز کے جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔پولیس کے مطابق مولانا ہدایت الرحمان کے خلاف گوادر میں نقص امن اور بلوے سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں۔
دریں اثنا ءبلوچستان بار کے اعلان کی روشنی میں پسنی اور گوادر میں وکلاءنے عدالتوں کا بائیکاٹ کیا۔ اس موقع پر گوادر بار کے صدر ایڈوکیٹ معراج علی نے بتایا کہ ڈی پی او گوادر کے نامناسب رویے کے خلاف گوادر بار کی جانب سے عدالت کا بائیکاٹ جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز مولانا ہدایت الرحمان کی گرفتاری کے وقت ڈی پی او گوادر کی جانب سے عدالت کے ضابطہ اخلاق کی توہین کی گئی ۔