خیبر،تیراہ میں پولیوٹیم پر حملہ،3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے

خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں نامعلوم افرادکی پولیوٹیم پر حملے میں3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔

ضلعی پولیس کے ترجمان ظہیر آفریدی نے میڈیا کوبتایا کہ حملہ 25 مئی کو صبح 9 بجے تیراہ ملک دین خیل کے میر درہ میں ہوا۔

ان کا کہنا ہے کہ ہیلتھ ورکرز بچوں کو پولیو کے قطرے پلا رہے تھے کہ مسلح افراد نے حفاظت پر مامور پولیس اہلکاروں پر حملہ کر دیا۔

آفریدی کا کہنا ہے کہ حملے میں ہیلتھ ورکرز محفوظ رہے جبکہ زخمی پولیس اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

خیبر پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہاں موجود پولیس اہلکاروں نے شدت پسندوں پر فائرنگ کی تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ظہیر آفریدی کا مزید کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ایف سی کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا، جب کہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

حملے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے۔

اس سے قبل 19 مئی کو بلوچستان کے مستونگ ضلع کے سرکاریز علاقے میں عسکریت پسندوں نے پولیو ٹیم کی حفاظت کرنے والے ایک پولیس اہلکار کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور افغانستان دنیا کے واحد ممالک ہیں جہاں پولیو وائرس موجود ہے۔