ڈیرہ اسماعیل خان:درازندہ میں آئل اینڈ گیس کمپنی کے کیمپ پر حملہ،2 پولیس اہلکار شہید، 3 زخمی

ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درازندہ میں آئل اینڈگیس کمپنی کی سائیٹ پر دہشت گردوں کےحملے میں 2 پولیس اہلکار شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے ہیں۔

ڈی ایس پی اصفر علی شاہ کے مطابق نامعلوم دہشتگردوں نے آئل اینڈ گیس کمپنی پر حملہ کیا، فائرنگ کے دوران ڈیوٹی پر مامور دو اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہوگئے۔

ڈی ایس پی کے مطابق زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہےجہاں ایک اہلکار کی حالت تشویشناک ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حملہ ایک پرائیویٹ کمپنی الحاج آئل اینڈ گیس ڈرلنگ کی سائیٹ پر ہوا ہے، دہشتگردوں نے کپنی کیمپ پر تعینات پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔

پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر دہشتگردو کی تلاش شروع کردی۔

حملے میں اے ایس آئی رحمت الٰہی اور خان عارف شہید ہوئے ہیں جبکہ زخمیوں میں عالمگیر خان، فضل الرحمان اور عطاء الرحمن شامل ہیں ۔

واضح رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں گزشتہ ایک ہفتے سے پولیس پر حملوں میں تیزی آئی ہے ، گزشتہ روز رات گئےتھانہ ٹاؤن کی حدود ابا شہید پولیس پوسٹ پر نامعلوم افراد نےبھاری ہتھیاروں سےحملہ کیا تھا ۔