کوئٹہ، سنجدی میں کوئلہ کان میں دم گھٹنے سے ٹھیکیدار سمیت 11 مزدور جاں بحق

بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ سے 40 کلومیٹر دور سنجدی میں کوئلے کی کان میں زہریلی گیس بھرنے سےٹھیکیدار سمیت 11 مزدور جاں بحق ہو گئے۔

چیف مائنز انسپکٹر عبدالغنی بلوچ کے مطابق جاں بحق کی لاشیں نکالی گئی ہیں اور تمام افراد کا تعلق سوات سے ہے۔مرنے والوں میں ایک ٹھیکیدار ،ا یک منیجر اور 9 کانکن شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حادثہ گیس لیکج کے سبب دم گھٹنے کے باعث پیش آیا جبکہ حادثے کا شکار کوئلہ کان کو سیل کردیا گیا ہے۔

عبدالغنی بلوچ کا کہنا تھاکہکانکنوں کی میتیں ضروری کاروائی کے بعد آبائی علاقوں کو روانہ کی جارہی ہیں۔

دوسری جانب گذشتہ شب ضلع دکی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو مزدور جاں بحق ہوئے تھے جس کے خلاف آج احتجاجی مظاہرہ کیاگیا جس میں مزدورں سمیت علاقے کے سیاسی و سماجی رہنماؤں اور تاجروں نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ بلوچستان مختلف اضلاع میں کوئلے کی لاتعداد کانیں موجود ہیں جس میں بداحتیاطی اور حفاظتی انتظامات نہ ہونے کی وجہ سے ہرسال لاتعداد افراد جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔ مئی میں ضلع ہرنائی میں کوئلے کی کان میں گیس دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔