شمالی وزیرستان میں 3 بچوں سمیت 11 منشیات فروش گرفتار،آئس برآمد

خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں‌پولیس نے ایک کاروائی کے دوران 11 منشیات فروش جن میں‌3 بچے بھی شامل ہے کو گرفتار کرلیا ہے .

تحصیل میرانشاہ کے نواحی علاقے میں‌ایک منشیات فروشوں کے ٹھکانے پر چھاپے کے دوران یہ گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں تاہم پولیس کی جانب ضبط کی گئی منشیات کے بارے میں نہیں‌بتایا کہ ان کی مقدار کتنی ہے.

ڈی ایس پی میرانشاہ سرکل نےپریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ 11 ملزمان میں تین بچے بھی شامل ہیں جن کی عمریں بالترتیب سات، آٹھ اور گیارہ سال ہیں جو کہ خود بھی آئس کے عادی ہیں اور سپلائرز بھی ہیں۔

پولیس کے مطابق بقایا 8 ملزمان میں سے ایک کا تعلق ضلع بنوں اور ایک کا تعلق ضلع باجوڑ سے ہے جبکہ باقی چھ کا تعلق شمالی وزیرستان کے صدر مقام میران شاہ سے ہے۔

ڈی ایس پی شیرولی خان نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف تمام سول سوسائٹیز، اساتذہ کرام ، والدین، میڈیا، اتمانزئی مشران اور علماء کرام ہمارے ساتھ تعاون کریں تاکہ ہماری نئی نسل آئس اور دیگر منشیات کی تباہی سے بچ سکے۔

انہوں‌نے کہاکہ پولیس منشیات فروش کے خلاف کوئی نرمی یا رعایت نہیں کرے گی، ہم ان منشیات فروش کو بے نقاب کرکے میڈیا اور عوام کے سامنے پیش کریں گے.

واضح‌رہے کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ شمالی وزیرستان پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں کے خلاف سخت کاروائی کی گئی ہے.