پشین میں آزاد امیدوار کے انتخابی دفتر کے قریب دھماکے میں 10 افراد جاں بحق ،متعدد زخمی

ضلع پشین کی تحصیل خانوزئی میں حلقہ پی بی 47 سے امیدوار صوبائی اسمبلی اسفند یار کاکڑ کے انتخابی دفتر کے باہر دھماکے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔

پولیس نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکہ آزاد امیدوار اسفندیار کے دفتر کے باہر ہوا ہے جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔دھماکہ کے وقت اسفندیار کاکڑ دفتر میں موجود نہیں تھے۔

دھماکے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔

نجی ٹی وی آج نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی۔ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔