بھارت کے خلاف پہلے ون ڈے میں براڈکاسٹرز کی تکنیکی غلطی نے مداحوں کو الجھا دیا۔
آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کی پہلی گیند کی اسپیڈ اسکرین پر 176.5 کلو میٹر فی گھنٹہ دکھائی گئی جو کرکٹ کی تاریخ میں سب سے تیز گیند تصور کی جاتی اگر یہ حقیقت ہوتی۔
اصل میں اسٹارک کی وہ گیند معمول کے مطابق 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے پھینکی گئی تھی مگر تکنیکی خرابی کے باعث اس کی اسپیڈ غلط ظاہر ہوئی۔
رفتار دیکھ کر شائقین حیران رہ گئے اور چند ہی لمحوں میں یہ کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ کئی صارفین نے تو یہ دعویٰ بھی کر دیا کہ اسٹارک نے راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر کا تیز ترین گیند کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
واضح رہے کہ شعیب اختر کا 2003 میں انگلینڈ کے خلاف پھینکا گیا 161.3 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار والا تاریخی اسپیل اب بھی کرکٹ کی دنیا کا تیز ترین ریکارڈ ہے، جو آج تک برقرار ہے۔
بعد ازاں براڈکاسٹرز نے وضاحت جاری کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ یہ صرف تکنیکی خرابی تھی اور شعیب اختر کا ریکارڈ بدستور ناقابلِ شکست ہے۔