پاکستان تحریک انصاف نے عمر ایوب کو وزیراعظم کا امیدوار نامزد کردیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ہمارے وزیراعظم کے امیدوار عمر ایوب ہوں گے جبکہ اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کے امیدوار عاقب خان ہوں گے۔

اڈیالہ جیل کے باہر بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے بعد بیرسٹر سیف کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پارٹی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب کو وزیراعظم کے لیے نامزد کر رہے ہیں امید ہےقومی اسمبلی میں ہمارا وزیراعظم آئےگا۔

انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں بیٹھ کر قانونی جنگ لڑیں گے، بچہ بچہ جانتا ہے کہ پی ٹی آئی کا مینڈیٹ چوری کیا گیا، تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ بات کرنے کا ٹاسک دیا گیا ہے۔

اسد قیصر نے کہا کہ الیکشن میں ہمارے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا، پاکستان کی تاریخ کا سب سے بدترین الیکشن ہوا، تمام سیاسی صورتحال بانی پی ٹی آئی کے سامنے رکھی۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ 10 ماہ بعد سابق چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے۔ ایک دو دن میں پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلالیں گے، چاہتے ہیں سیاسی جماعتوں سے مل کر حکمت عملی بنائیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ ہم نے الیکشن دھاندلی سے متعلق اپنے تحفظات ظاہر کیے ہیں۔ جس کو ووٹ ملا اس کو حکومت کا حق ہے، الیکشن سے دودن پہلے ہمارے ووٹرز اور سپورٹرز کو جیلوں میں ڈالا۔

واضح رہے کہ حالیہ عام انتخابات میں عمر ایوب خان قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 18ہری پور سےایک لاکھ 92 ہزار 948 ووٹ لیکر کامیاب ہوئے تھے جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بابر نواز ایک لاکھ 12 ہزار 389 ووٹ لے سکے تھے۔

11 ستمبر 2018 کو عمران خان کی حکومت میں عمر ایوب خان کو وفاقی وزیر توانائی مقرر کر دیا گیا تھا اور بعد ازاں 16 اپریل 2021 کو عمر ایوب کو وزیر اقتصادی امور مقرر کردیا گیا تھا۔