بنوں ،ٹانک اور مردان میں‌پولیس اور ایف سی پر حملوں‌میں‌دو اہلکار شہید ،1زخمی

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں ،ٹانک اور مردان میں‌پولیس اور فرنٹیئر کور (ایف سی) پر ہونے والے الگ الگ حملوں میں‌دو ایف سی اہلکار جاں‌بحق جبکہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہوا ہے.

ضلع بنوں‌کے سب ڈویژن وزیر کے باران ڈیم کے علاقے میں گذشتہ شب عسکریت پسندوں نے ایف سی چیک پوسٹ پر حملہ کیا.

حملے کے نتیجے میں فرنٹیئر کور (ایف سی) کے 2 اہلکار جام شہادت نوش کرگئے. شہداء میں شرافت علی اور سیف اللہ سپاہی شامل ہیں۔

ایف سی ذرائع کے مطابق دونوں اہلکاروں کی لاشوں کو سی ایم ایچ اسپتال بنوں منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب ضلع مردان کی تحصیل تخت بھائی میں انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور ایک پولیس اہلکارنامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے زخمی ہو گیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ زخمی پولیس اہلکار کو ہسپتال منتقل کر دیاگیا ہے.

ادھر ٹانک کی تحصیل جنڈولہ میں نامعلوم افراد نے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔پولیس کے مطابق حملے میں پولیس اہلکار محفوظ رہے۔

پولیس کے مطابق جنڈولہ دولت کورونہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔فائرنگ کے واقعہ کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا۔

واضح‌رہے کہ خیبرپختونخو ا میں‌سیکیورٹی فورسز اور پولیس پر حملے گذشتہ کئی ماہ سے جاری ہیں.دوسری جانب مذکورہ اضلاع میں‌پولیو ورکرز بھی نامعلوم عسکریت پسندوں‌کے نشانے پرہیں. کچھ روز قبل ضلع لکی مروت میں نامعلوم افراد نے پولیو ورکر کو اغواء کرکے قتل کردیا تھا.