جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل شوال کے علاقے توندہ درہ میں لینڈ مائن کے دھماکے میں دو کمسن بچیاں جاں بحق ہوگئی ہیں۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق آج سہ پہرچار بجے کے قریب جنوبی وزیرستان اپرکی تحصیل شوال کے علاقے توندہ درہ میں زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی۔
مقامی افراد جب جائے وقوعہ پر پہنچے تو انھیں دو بچیاں زخمی حالت میں ملی جن کی شناخت مقامی شخص جنان خان کی بیٹیوں سے ہوئی،جن میں ایک کی عمر 8 سال اور دوسری کی 14 سال کے قریب بتائی جاتی ہے.
مقامی لوگوں نے دونوں زخمیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت طبعی امداد کےلئے ہسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی لیکن دونوں زخمو ں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی انتقال کرگئے۔
مقامی لوگوں کے مطابق جنان خان ایک چرواہاہے اور مال مویشی کا کاروبار کرتا ہے.
واضح رہے کہ اس سے قبل 22 مئی کو جنوبی وزیرستان اپر کے علاقے میشتہ تنگاڑائی میں لینڈ مائن کے دھماکے میں ایک معمر شخص شدید زخمی ہوگئے تھے۔