ضلع کچھی میں پولیس سٹیشن پر دستی بم حملے میں دو بچے جاں بحق

بلوچستان کے ضلع کچھی کے علاقے مچھ میں پولیس سٹیشن پرنامعلوم موٹرسائیکل سواروں کے دستی بم حملے کے نتیجے میں دو بچے جاں بحق ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایس ایچ او یعقوب عباسی نے بتایا ہے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی جانب سےمچھ پولیس اسٹیشن پر دستی بم پھینکا گیا جو دیوار سے لگ کر قریبی ہی گلی میں گر کر پھٹ گیا۔

انہوں نے کہا کہ گلی میں موجود دکان پر خریداری میں مصروف دو بچے دستی بم حملے کے زد میں آئے۔

واقعہ میں ایک بچہ جس کا نام بابرہے موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ یاسر نامی بچہ شدید زخمی ہوگیا جسے ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ ریفر کیا گیا لیکن وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہے۔