تنخواہیں، بلز اور ایندھن ، قبائلی اضلاع کی ٹی ایم ایز 27کروڑ کی مقروض

خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع کی ٹی ایم ایز 27کروڑ روپے قرض دار ہوگئیں،ٹی ایم ایز کئی ماہ سے اپنے ملازمین کو تنخواہیں بھی ادا نہیں کرپا رہی ہے .

لوکل کونسل بورڈ ذرائع کے مطابق قبائل کی تمام 25ٹی ایم ایز سے انکے مالی مسائل اور خسارے کی تفصیلات طلب کی گئیں تھیں جن میں 24ٹی ایم ایز نے اب تک کے خسارے سمیت قرض کی تفصیلات بھی ارسال کردی ہیں.

ملازمین کی تنخواہیں، دفاتر کے کرائے، یوٹیلیٹی بلز ، ایندھن کے استعمال اور دیگر اخراجات کی مد میں ٹی ایم ایز پر 27کروڑ روپے کا قرض چڑھ چکا ہے.
لوئر مہمند کی ٹی ایم اے کی جانب سے مالی مسائل کے حوالے سے تفصیلات لوکل کونسل بورڈ کو فراہم نہیں کی جا سکی ہیں جبکہ باقی 24ٹی ایم ایز کو قرض سے چھٹکارا دلانے کیلئے لوکل کونسل بورڈ نے درخواست محکمہ خزانہ کو ارسال کردی ہے.

ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ کو درخواست کی گئی ہے کہ وہ فی الفور قبائلی ٹی ایم ایز کیلئے 27کروڑ روپے جاری کریں تاکہ وہ اپنے قرض کو ختم کریں اور مالی سال کے باقی 7ماہ کے اخراجات کیلئے بھی ا ن ٹی ایم ایز کیلئے فنڈز کا بندوبست کیاجائے تاکہ قبائلی علاقوں میں سینی ٹیشن اور میونسپل سروسز کی فراہمی جاری رکھی جا سکے ۔
یہ خبرروزنامہ مشرق کی ویب سائیٹ سے لی گئی .