تیراہ امن سیمینار،باڑہ سیاسی اتحاد کا15 ستمبر کو ضلع میں امن مارچ کےانعقاد کا اعلان

خادم خان آفریدی
خیبرپختونخوا کے ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ میں باڑہ سیاسی اتحاد کے زیر اہتمام تیراہ امن سیمینار میں 15 ستمبر کو پورے ضلع میں امن مارچ کےانعقاد کا اعلان کیا گیا۔

سیمینارکا اعلامیہ صدر باڑہ سیاسی اتحاد حاجی شیریں آفریدی نےجاری کیا ۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ امن و امان کی زمہ داری پولیس اور سیکورٹی فورسز کی ہے لہذا اپنی زمہ داری پوری کر کے فوری طور وادی تیراہ سمیت ضلع خیبر امن بحال کریں۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ عوام کی جان و مال عزت و آبرو کی تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور تیراہ میں بڑھتی ہوئی بدامنی اور لوگوں میں پائی جانے والی خوف و ہراس کو ختم کی جائے۔

اعلامیہ کے مطابق ستمبر کی پہلے ہفتے میں باڑہ سیاسی اتحاد اسلام آباد نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کریں گے اور 15 ستمبر کو باڑہ سمیت پورے ضلع کی سطح پر امن مارچ کا انعقاد کیا جائیگا۔

سیمینار میں ایم این اے حاجی محمد اقبال آفریدی، ایم پی اے و ڈیڈک چیئرمین ضلع خیبر عبدالغنی افریدی، ایم پی اے سہیل آفریدی، تحصیل چیئرمین مفتی کفیل آفریدی، سابق وفاقی وزیر حمید اللہ جان آفریدی، باڑہ سیاسی اتحاد کے سابق صدر شاہ فیصل آفریدی، موجودہ صدر حاجی شیرین آفریدی، بازار گل آفریدی، عبدالرازاق آفریدی، فرہاد شباب آفریدی، زاہد اللہ آفریدی نے شرکت کی ۔

علاوہ ازیں مراد ساقی، سمیت ملک براکت آفریدی کی سربراہی میں کوکی خیل مشران، تیراہ سیاسی اتحاد کے صدر شیر افگن و دیگر عہدیداران کے علاؤہ باڑہ سیاسی اتحاد کے عہدیداران، ٹیچرز ایسوسی ایشن، تاجر برادری، بلدیاتی نمائندگان، قومی عمائدین، مشران اور سیاسی و سماجی شخصیات سمیت کثیر تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔

قبل ازیں تیراہ امن سیمینار شرکاء نے وادی تیراہ میدان میں بڑھتی ہوئی بدامنی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وادی تیراہ میدان کے عوام پہلے سے دہشت گردی سے متاثرہ عوام ہیں، انہوں نے اپنے گھر بار چھوڑ کر کئی سالوں تک آئی ڈی پیز کی زندگی گزاری ہے۔

شرکاء کا کہنا تھا کہ علاقے کو کلیئرنس کے دوبارہ اپنے علاقے میں آباد ہونے کے بعد اب دوبارہ سیکورٹی فورسز اور پولیس کی موجودگی میں روز بروز حالات خراب ہو رہے ہیں، جو نہایت افسوسناک ہے، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متعلقہ حکام ایمرجنسی بنیادوں پر وادی تیراہ میدان میں امن قائم کریں۔

تیراہ امن سیمینار کے موقع پر شرکاء نے متفقہ قراردادیں پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا بشمول ضم اضلاع سے فوری طور پر سول ایکشن اینڈ ایڈ پاؤر ریگولیشن واپس لیا جائے جو انتہائی ظالمانہ قانون ہے،

ضلع خیبر کے تمام بے گھر آئی ڈی پیز راجگال، سنڈا پال، درے نغری، باغرے، تختکی، دروٹا کو باعزت اپنے علاقوں کو واپس کر کے مکمل بحال کیا جائے اور ان کو آئی ڈی پیز کا درجہ دیا جائے۔

وادی تیراہ میدان کے عوام کو امن، جان و مال، عزت و آبرو اور کاروبار کو تحفظ دیا جائے۔تیراہ میدان میں فوری طور پر گھروں اور کاروباری مراکز پر ماٹر گولے اور فائرنگ بند کیا جائے۔وادی تیراہ میدان میں موبائل نیٹ ورک فوری طور پر بحال کیا جائے۔

سیمینار میں اقوام متحدہ امریکہ کے ذریعے پاکستان خیبرپختونخوا اور بلخصوص قبائلی پختون کی تباہی و بربادی کے لیے دیا جانے والا فنڈز فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ۔