باجوڑ کے ضلعی حکام نے سیکیورٹی صورتحال اور جاری ٹارگٹڈ آپریشنز کے تناظر میں تحصیل لوئی ماموند کے مختلف علاقوں میں تین روزہ کرفیو نافذ کر دیا ہے۔
یہ پابندی 29 جولائی سے 31 جولائی تک روزانہ صبح 5 بجے سے سہ پہر 5 بجے تک مؤثر رہے گی جس کا مقصد دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کے لیے فورسز کو مکمل آزادی دینا اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے عوام کو محفوظ رکھنا ہے۔
کرفیو کے دوران عوام کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں اور غیر ضروری طور پر نقل و حرکت سے گریز کریں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
متاثرہ علاقوں میں بادسیاہ، ترخو، ایراب، گٹ، اگرہ، خوڑچئے اور داواوگئی شامل ہیں جبکہ کلان، لغڑئے، کٹکوٹ، گیلئے، نختر، زرئے، ڈمبرئے، امانتا اور زگئے جیسے دیہات بھی ان سیکیورٹی اقدامات کی زد میں آئیں گے۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ علاقے میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
اعلامیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ کرفیو کی خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات وقتی طور پر عوام کے لیے کچھ دشواریوں کا باعث ضرور بن سکتے ہیں تاہم ان کا بنیادی مقصد علاقے کو دہشت گردی کے خطرے سے پاک کرنا اور شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔