پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم)کی جانب سے اپنے سابق رہنما سردار عارف وزیر کی تیسری برسی منائی گئی.
کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں سردار عارف وزیر کی برسی کی مناسبت سے منعقدہ اجتماع سے پی ٹی ایم کےرہنما ایم این اے علی وزیر اورجنوبی وزیرستان وانہ میں پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین سمیت دیگر نے خطاب کیا.
علی وزیر نےکراچی میں اجتماع سے خطاب میں کہا کہ سردار عارف وزیر اور دیگر پشتونوں نے جان دیدی لیکن ظالموںکے سامنے نہیںجھکے.
علی وزیر نے کہا کہ پشتونوں کی سرزمین میں ایک بار پھر بدامنی میں اضافہ ہوا ہے لیکن ان کے بقول اب عوام جاگ چکے ہیں اور بدامنی کو برداشت نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ آج تحریک کی وجہ سے لوگ بیدار ہو چکے ہیں، ہوش سنبھالے ہیں اور اپنے حقوق کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں۔ حکومت ایک اور فوجی آپریشن شروع کرنے کی کوشش کر رہی ہے، لیکن ہم اپنی سرزمین پرایک اور آپریشن کے لیے تیار نہیں ہیں۔
علی وزیر نے حکومت اور ریاستی اداروں سے وزیرستان اور دیگر پشتون آباد علاقوں میں امن کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہہ عارف وزیر ایم این اے علی وزیر کے چچازاد بھائی ہیں جویکم مئی 2020 کو اپنے گاؤں غوا خواہ میں عسکریت پسندوں کے حملے میں زخمی ہوئے تھے اور 2 مئی کو اسلام آباد کے ایک اسپتال میں انتقال کر گئے تھے۔
سردار عارف وزیر کے قتل کے خلاف پاکستان اور افغانستان سمیت متعدد ملکوں میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے تھےاس کے علاوہ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان اور ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی ان کے قتل کی آزادانہ تحقیقات کی درخواست کی تھی تاہم ابھی تک اس کے الزام میں کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا۔