سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان اور نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہےکہ بلوچستان کے مسائل بندوق کی بجائے مذاکرات کے زریعے حل کئے جاسکتے ہیں.
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ ہم نے اپنے دور اقتدار میں بلوچستان میں انسرجنسی کی شدت کو کم کیا اور مذاکرات کا عمل شروع کروایا تھا.
سربراہ نیشنل پار ٹی کا کہنا تھاکہ ہم سمجھتے ہیں کہ بندوق مسائل کا حل نہیں ،مذاکرات سے ہی معاملات حل کیے جا سکتے ہیں، اگر اب بھی بلوچستان میں ٹھپے لگے تو بلوچستان وفاق سے دور ہو جائے گا اور یہاںکےلوگ ناامید ہوجائیں گے۔ بلوچستان کے حقیقی نمائندے ہی بلوچستان کے مسائل حل کروا سکتے ہیں۔
انہوںنے کہاکہ بڑی سیاسی جماعتوں کی جانب سے بلوچستان میں سیاسی ٹرانسفر پوسٹنگ اور الیکٹ ایبلز کے نام پر لوگوں کو یہاں پارٹیاں تبدیل کروانے کی مذمت کرتے ہیں، سیاسی ہیر پھیر سے ڈیل کرنا بلوچستان کے ساتھ ناانصافی ہے۔
اس موقع پر بلوچستان کے سابق سنیئر قوم پرست رہنماء مرحوم ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کے فرزند ایڈووکیٹ جنگیز حئی بلوچ نے اپنے حامیوں سمیت نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔