پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل، گورنر نے سمری پردستخط کردیئے

پشاور:گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے وزیر اعلیٰ محمود خان کی جانب سے اسمبلی تحلیل کرنے سے متعلق ارسال کی گئی سمری پر دستخط کردیے جس کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل ہوگئی ہے.

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے آئین کے آرٹیکل 112 (1) کے تحت اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری 17 جنوری کو گورنر کو ارسال کی تھی۔

گورنر کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ نگراں وزیر اعلیٰ کا تقرر وزیر اعلیٰ محمود خان اور قائد حزب اختلاف اکرم خان درانی کی مشاورت کے ساتھ کیا جائے گا، گورنر نے ہدایت کی ہے کہ وہ 21 جنوری تک اس عہدے کے لیے اپنے نامزد امیدواروں کے نام فراہم کریں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نگران وزیراعلیٰ کے تقرر تک محمود خان صوبے کے روزمرہ کے امور انجام دینے کے لیے اپنے عہدے پر فائز رہیں گے اور ذمے داریاں نبھاتے رہیں گے۔

صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ قوم کا وقت جمع بچانے کے لیے فوری طور پر اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کردیے۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے اعلان کے مطابق پنجاب اسمبلی تحلیل کردی گئی تھی اور عمران خان نے کہا تھا کہ اس کے بعد خیبرپختونخوا کی اسمبلی تحلیل کردی جائے گی۔