میرانشاہ بازار کے دوکانداروں کےلئے بجٹ میں ڈیڑھ ارب روپے رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے،محسن داوڑ

شمالی وزیرستان سے ممبر قومی اسمبلی اور نیشنل ڈیموکرٹیک موومنٹ کے چیئرمین محسن داوڑ نے کہا ہے کہ میرانشاہ بازار کے دوکانداروں کو معاوضہ دینے کےلئے بجٹ میں ڈیڑھ ارب روپے رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے.

غیرملکی نشریاتی ادارے مشال ریڈیو سے بات چیت کرتے ہوئے محسن داوڑ کا کہنا تھاکہ یہ فیصلہ ایک پارلیمانی کمیٹی نے کیا جس کے مطابق رواں سال کے بجٹ میں میرانشاہ بازار کے دوکانداروں کےلئے ڈیڑھ ارب روپے مختص کئے جائیں گے۔

محسن داوڑ نےبتایا کہ ڈیڑھ ارب روپے جلد صوبائی حکومت کو بھیجے جائیں گے اور پھر دکانداروں میں تقسیم کر دیے جائیں گے۔

میرانشاہ بازارکے تاجروں نے گزشتہ سالوں میں معاوضے کے حصول کے لیے کئی احتجاجی مظاہرے، جرگے اور میٹنگز کیں۔

میرانشاہ بازار ٹریڈرز کمیٹی کے جنرل سیکرٹری امشاد اللہ نے نشریاتی ادارے مشال ریڈیو کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے انہیں معاوضہ دینے کا وعدہ کیے کئی سال گزر گئے لیکن انہوں نے اسے پورا نہیں کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومت متاثرہ دکانداروں کو پیسے دیں تاکہ وہ اپنا کاروبار شروع کر سکیں۔

میرانشاہ مارکیٹ کے ایک اور دکاندار عبداللہ کا کہنا ہے کہ فوجی آپریشن کے دوران ان کا کافی نقصان ہوا ہے اور حکومت انہیں اس نقصان کا معاوضہ ادا کرے جس کی انہوں نے تحریری تصدیق کی ہے۔

واضح‌رہے کہ پاک فوج نے 15 جون 2014 کو شمالی وزیرستان میں عسکریت پسندوں کے خلاف ضرب عضب کے نام سے فوجی آپریشن کیا تھا جس کے نتیجے میں 10 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہو گئے تھے اور بازاروں اور عمارتوں کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا تھا۔