لکی مروت کی تحصیل بیٹنی میں نامعلو م ا فراد نےپولیو ورکر کو قتل کردیا.
آزاد خیل پولیس تھانے کے ایک عہدیدار اسماعیل نے غیر ملکی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ 20 سالہ غنی اللہ کی لاش یکم مارچ کی صبح کو ملی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مسلح افراد نےمقتول تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر چاقو کے وار کرکے قتل کیا۔
علاقے کے رہائشی شاکر بیٹنی کا کہنا ہے کہ غنی اللہ 29 فروری کو پولیو کے قطرے پلانے کی مہم مکمل کرنے کے بعد گھر واپس آیا تو شام کو گھر سے باہر نکلا اور غائب ہو گیا ۔ رات کو گھر والوں نے ڈھونڈنے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔ صبح ان کی لاش گھر سے تقریباً 400 میٹر کے فاصلے پر ملی۔
واقعے کی ذمہ داری تاحال کسی نے قبول نہیں کی ہے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
واضح رہے کہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان اور لکی مروت میں26 فروری سے شروع ہونے والی پانچ روزہ انسداد پولیو مہم آج ختم ہوگئی ہے جبکہ خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع میں 3 مارچ سے انسداد پولیو مہم شروع کی جائیگی۔