کوئٹہ ،بلوچستان حکومت اور ہرنائی دھرنہ کمیٹی کے درمیان مذکرات کا میاب ہوگئے ہیں،حکومتی وفد نے دھرنا کمیٹی کے تمام مطالبات تسلیم کرتے ہوئے دو دنوں میں نوٹیفکیشن جاری کرنے کا اعلان کردیا ۔
دھرنا کمیٹی کی نمائندگی نیشنل ڈیمو کریٹک کے صوبائی صدر احمد جان خان ،عوامی نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر ولی داد میانی نے کی جبکہ مذاکرات میں جمعیت علماءاسلام کے حافظ احسان الحق ،پشتونخوامیپ کے نصرت اللہ ،تحریک انصاف کے عبدالحکیم اورجمعیت علماءاسلام پاکستان کے حافظ عطاءمحمد بھی موجود تھے۔
حکومتی وفد کی قیادت مشیر داخلہ میر ضیاءلانگو اور صوبائی وزیر نورمحمد دمڑنے کی۔
این ڈی ایم کے صوبائی صدر حمدجان نے مذکرات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ 13اور14اگست کو ضلع ہرنائی کے خوست میں فورسز کی فائرنگ سے نواجوان سیاسی کارکن خالقداد بابڑ شہید ودیگر زخمی ہوگئے تھے جس کے خلاف 38روز سے احتجاجی تحریک چلائی گئی اور دھرنا دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ آج دھرنا کمیٹی اور حکومتی وفد کے درمیان خوست میں مذاکرات ہوئے ،مذاکرات کے دوران حکومتی وفد نے دھرنا کمیٹی کے مطالبات کو تسلیم کرکے دو دن کے اندر نوٹیفکیشن جاری کرنے کا اعلان کیا ۔