(رسول داوڑ/خانزیب محسود)
شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی میںاتمانزئی جرگہ نے بھائی اور بھابھی کو قتل کرنے والے شخص کا گھر مسمار کردیا.
مقامی زرائع کے مطابق تھانہ میرعلی کے دور دراز علاقے تانگاڑائی خلا میں کچھ روز قبل عا بداللہ نامی شخص نے اپنے بھائی سخی جان اور اس کی بیوں کو پیسوں کے لین دین کے معاملے پر فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا.
ہفتے کے روز اتمانزئی جرگہ نے قاتل کے گھر کو مسمار کرنے کا اعلان کیا جبکہ اتوار کے روز لشکر نے قاتل کے گھر پر دھاوا بول کر گھر کو آگ لگا دی جبکہ گھر میں موجود سولر پینل تھوڑ دیئے.
سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو ز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گھر مکمل طور پر مسمار کیا گیا ہے.
شمالی وزیرستان پولیس کی جانب سے گھرمسماری کے متعلق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہفتے کے روز اتمانزئی جرگہ نے عابداللہ نامی شخص کے گھر کو مسمار کرنے کا اعلان کیا تھا ،پولیس کی بھاری نفری نے قاتل کے گھر کو گھیر ے میں لے لیا .
پولیس کے مطابق اتوار کے روز اتمانزئی جرگے کے لشکر کے کچھ افراد نے گھر کو جلانے کی کوشش کی تاہم ا ن کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعدعلامتی طور پر گھر کے اندر دو ٹائر جلائے گئے اور گھر مسمار ہونے سے بچایا گیا.
پولیس کے مطابق اتمانزئی جرگہ نےفیصلہ کیا ہے کہ اگر کو ئی کسی کو قتل کرتا ہے تو نہ صرف ان پر 15 لاکھ جرمانہ عائد کیا جائیگا بلکہ ان کا گھر بھی مسمار کیا جائیگا.
پولیس کے مطابق جرگہ نے علاقے میں موجود دیگر ایسے افراد جنہوںنے قتل کئے ہیں کے گھروںکو مسمار کرنے کا اعلان بھی کیا ہے.