ٹانک ،ملک حبیب اللہ محسود اغواء کے بعد قتل،زخمی گن مین دوران علاج جاں بحق

سا بق آئی جی خیبرپختونخواصلاح الدین محسود کے بھائی ملک حبیب محسود شابی خیل کو ضلع ٹانک کے علاقے پتھر میں نامعلوم افراد نے اغواء کرنے کے بعد قتل کردیا ہے۔

مقامی زرائع کے مطابق آج دوپہر کو ملک حبیب محسود شابی خیل علاقہ پتھر میں اپنے گھر کے قریب گن مین کے ساتھ موٹرسائیکل پر جارہے تھے کہ ان پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔

فائرنگ کے نتیجے میں گن مین زخمی ہوگئے جنہیں شدید تشویش ناک حالت میں ڈسرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈیرہ اسماعیل منتقل کیا گیا ہے۔

موٹرسائیکل سوار حملہ آور ملک حبیب محسود کو اپنے ساتھ اغوا کرکےلے گئے۔

واقعہ کے بعد پولیس نے ضلع کے مختلف داخلی اور خارجی راستوں پر سخت ناکہ بندی کرکے اغواء کاروں کی تلاش کرکے سرچ اپریشن شروع کردیا۔

پولیس کے مطابق مغوی ملک حبیب اللہ کی لاش ٹانک کے نواحی علاقے منزئی سے برآمد ہوئی ہے جنہیں فائرنگ کرکے قتل کیا گیا ہے جبکہ دوسری جانب ان کے گن مین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

واضح رہے کہ ملک حبیب شابی خیل سابق آئی جی خیبر پختونخوا پولیس صلاح الدین محسود کے بھائی ہیں اور سابق ناظم بھی رہ چکے ہیں۔