اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے اورسیز پاکستانیوں کو عدالتی نظام سے جوڑنے کے لیے اوور سیز لیٹیگنٹس فسیلیٹیشن سیل قائم کر دیا ہے۔
سپریم کورٹ سے جاری اعلامیے کے مطابق یہ سیل بیرونِ ملک رہائش پذیر پاکستانیوں کو سپریم کورٹ سے متعلق معاملات میں براہ راست رابطے اور سہولت فراہم کرے گا۔
سائلین واٹس ایپ نمبر03264442444 پر پیغام کے ذریعے اپنی درخواست یا شکایت بھیج سکتے ہیں تاہم صرف وہی مقدمات سیل کے دائرہ اختیار میں آئیں گے جو سپریم کورٹ سے متعلق ہوں۔
فسیلیٹیشن سیل بیرون ملک مقیم ہر اس شخص کے لیے دستیاب ہے جو سپریم کورٹ میں جاری کسی کیس میں فریق ہے یا متعلقہ درخواست دائر کرنا چاہتا ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے شہری شکایات، درخواستیں اور مقدمات کی جلد سماعت کی اپیلیں بھی جمع کروا سکتے ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق سیل کے تحت کیس کی تازہ ترین معلومات، فیصلے اور ان کی تصدیق شدہ نقول آن لائن دستیاب ہوں گی،تمام ریکارڈ کو مکمل طور پر ڈیجیٹل شکل میں محفوظ رکھا جائے گا تاکہ شفافیت اور رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔