جنوبی وزیرستان لوئرمیں نومنتخب ایم این اے زیبر وزیر کے گھر کےقریب بم دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے ہیں۔
مقامی زرائع کے مطابق تحصیل وانا کے علاقے کڑیکوٹ میں نومنتخب ایم این اے زیبر وزیر کے گھر کے باہر گاڑی میں نصب بم کا دھماکہ ہوا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے میں ایک شخص جاں بحق اور 2زخمی ہوئے ہیں جن کو طبی امداد کےلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وانا منتقل کیا گیا ہے۔
ہسپتال زرائع کے مطابق اب تک 3 افراد کو لایاگیا ہے جس میں ایک جاںبحق ہوچکے ہیںجبکہ دو زخمی ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویش ناک ہے.
جاںبحق ہونے والے شخص کی شناخت حیات اللہ کےنام سے ہوئی ہے اور زخمیوں میں شاہ جہاں ولد سرفراز خان اور راشد خان ولد عمرشامل ہیں۔
دھماکے کے بعد پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی ۔
واضح رہے کہ جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا میںرواںہفتے یہ چوتھا دھماکہ ہے۔سوموار 5 فروری کو پہلے دھماکے میں پولیس کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 4 شہری زخمی ہوئے تھے۔ اگلے روز پھر پولیس کی گاڑی کو رستم بازار میں بم کا نشانہ بنایا گیا تھا جس میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئےتھے اور پھر 7 فروری کو سابق ایم پی اے نصیر اللہ وزیر کی گاڑی سڑک کنارے نصب بم سےنشانہ بنایاگیا جس میں 3 افراد زخمی ہوئے تھے۔