وزیرستان،دیر اور چترال میں برفباری

خیبر پختونخوا کے ضلع دیر بالا اور دیر لوئر ،چترال ،شمالی وزیرستان،جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئرکے شہری علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

دیر کے علاقے وادی کمراٹ، جہاز بانڈہ، باڈگوائی، لواری ٹنل، کلپانی، شاہی اور بن شاہی پر برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔

اس کے علاوہ شمالی وزیرستان ،جنوبی وزیرستان اپر اور جنوبی وزیرستان لوئر کے بالائی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی ہے۔

بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، بارش و برف باری شروع ہوتے ہی شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

چترال میں گزشتہ رات سے بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ وادی کالاش، لواری ٹنل روڈ، مڈک لشٹ اور گرم چشمہ ایریا میں برف پڑی ہے۔

اپر چترال کے یارخون، بروغل اور شندور میں برفباری ہوئی جبکہ تورکہو کے بالائی مقامات اور تریچ میں بھی برفباری کی اطلاع ہے۔

برف باری شروع ہوتے ہی سیاحوں نے موسم کا لطف اٹھانے کے لیے سیاحتی مقامات کا رخ کر لیا۔ بارش و برف باری کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں