پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے منتخب رکن صوبائی اسمبلی اور سابق نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی بلامقابلہ وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب ہوگئے۔
سیکرٹری بلوچستان اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ کے مطابق وزارت اعلیٰ کے لیے سرفرازبگٹی کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ان کے علاوہ کسی دوسرے امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے۔
طاہر شاہ کاکڑا کہنا ہے کہ بلوچستان کی وزارت اعلیٰ کے لیے سرفراز بگٹی واحد امیدوار قرار ہیں، بلامقابلہ وزیراعلیٰ نامزد ہونے کے باوجود وزیراعلیٰ کے لیے کل ہفتے کو ایوان میں رائے شماری ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ بلامقابلہ نامزد ہونے کے باوجود وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے لیے سرفراز بگٹی کو رائے شماری میں 33 اراکین کی حمایت درکار ہوگی۔
واضح رہے کہ وزارت اعلیٰ کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے آج شام 5 بجے تک کا وقت مقرر تھا۔
اس سے قبل پی پی پی نے سرفراز بگٹی کو وزارت اعلیٰ کے لیے اپنا امیدوار نامزد کرنے کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی میں مسلم لیگ(ن) کے امیدوار عبدالخالق اچکزئی اسپیکر اور پیپلز پارٹی کی غزالہ گولہ بلامقابلہ ڈپٹی اسپیکر منتخب ہوئے تھے۔