اسلام آباد : چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947ء وہ دن ہے جب بھارت نے طاقت کے زور پر کشمیر پر قبضہ کیا اور اس دن کو کشمیری عوام ہمیشہ ایک سیاہ باب کے طور پر یاد کرتے ہیں۔
یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی جبر، تشدد اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود ان کا عزم اور حوصلہ آزادی کی جدوجہد کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارتی فورسز کے مظالم، ماورائے عدالت قتل اور انسانی حقوق کی پامالیوں نے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑ دیا ہے، لہٰذا اقوامِ متحدہ سمیت عالمی اداروں کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے لیے مؤثر کردار ادا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مودی سرکار کی متعصبانہ پالیسیوں نے مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے اور اس حکومت کے ہاتھ بے گناہ انسانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔
سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ پاکستان کی قوم کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہےجبکہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ ہر قومی و عالمی فورم پر کشمیر کے حق میں آواز بلند کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کشمیری عوام کی قربانیوں، استقامت اور حوصلے کو سلام پیش کرتا ہے اور انہیں یقین دلاتا ہے کہ پاکستان ان کی آزادی کی جدوجہد میں ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گا۔








