انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف کوئٹہ میں چار جماعتی اتحاد نے 17 دنوں سے جاری احتجاجی دھرنا ختم کرنے اور احتجاج کا دائرہ بلوچستان بھر میں پھیلانے کا اعلان کردیا.
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی، بلوچستان نیشنل پارٹی، نیشنل پارٹی اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے انسکمب روڈ پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کے دفتر کے باہر نو فروری سے احتجاجی دھرنا جاری تھا۔
چاروں جماعتوں کا الزام ہے کہ انتخابات میں بلوچستان میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کی گئی جس کے خلاف انہوں نے اتحاد تشکیل دے کر احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان کیا تھا۔ اس احتجاجی تحریک کے سلسلے میں بلوچستان بھر میں پہیہ جام اور شٹر ڈاؤن ہڑتالیں کی گئیں اور قومی شاہراہوں کو بند رکھا گیا۔
کوئٹہ اور پشین میں مشترکہ جلسے بھی کیے گئے جس سے محمود خان اچکزئی، سردار اختر مینگل، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور عبدالخالق ہزارہ نے خطاب کیا۔
بلوچستان نیشنل پارٹی کوئٹہ کے صدر غلام نبی مری نےسعودی خبررساں ادارے کو بتایا کہ چار جماعتی اتحاد کی رابطہ کمیٹی نے باہمی مشاورت سے 17 دنوں سے جاری دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ کیا
انہوں نے کہاکہ احتجاج کو مزید وسعت دیتے ہوئے صوبے بھر میں ضلعی سطح پر احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں کا انعقاد ہو گا۔جب تک فارم 45 کے تحت اصل نتائج کا اعلان نہیں کیا جاتا ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔
چار جماعتی اتحاد نے 28 فروری کو کوئٹہ کے ہزارہ ٹاؤن میں جلسے کا اعلان کیا تھا تاہم جلسے کے منتظم اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے سابق رکن صوبائی اسمبلی قادر علی نائل نے بتایا کہ موسمی حالات کے پیش نظر جلسہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں پیر سے بارشوں اور برفباری کی پیشن گوئی کی گئی ہے جس کا سلسلہ چار مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری کبیر افغان کا کہنا ہے کہ انتخابات میں بالادست قوتوں نے اپنی من مانی کی اور عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالا۔
انہوں نے کہاکہ اتوار بازار لگا کر نشستوں کی خریدو فروخت ہوئی اور عوام کے حقیقی نمائندوں کی بجائے من پسند لوگوں کو دھاندلی کے ذریعے آگے لایا گیا۔