عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما اور ممبر خیبرپختونخوا اسمبلی نثار باز خان نے کہاہے کہ آج ماموندو لغڑئی میں ایک نہایت افسوسناک، دل دہلا دینے والا اور ناقابلِ برداشت سانحہ پیش آیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ علاقے کی مکینوں نے بتایا کہ کواڈ کاپٹر کے ذریعےحملہ کر کے چار معصوم بچے شہید جبکہ تین شدید زخمی کیے گئے۔ یہ معصوم پھول جیسے بچے کس جرم کے مرتکب تھے ؟ ان کے خون سے زمین کو رنگین کر کے آخر کون سا مقصد حاصل کیا جا رہا ہے؟ یہ ظلم اور بربریت انسانیت کے نام پر ایک بدنما دھبہ ہے۔
نثار باز خان نے کہاکہ ریاستی ادارے اور صوبائی حکومت نے بار بار یہ دعویٰ کیا ہے کہ مامند کے مختلف علاقوں کو کلیر کیا گیا ہے۔ اگر علاقے کلیر ہیں تو پھر ان گاؤں اور بستیوں پر ڈرون حملے کس بنیاد پر کیے جا رہے ہیں؟ اگر دہشت گرد موجود نہیں تو پھر یہ معصوم بچوں کا خون کیوں بہایا جا رہا ہے؟ کیا ہمارے بچوں کی زندگیاں اتنی سستی ہیں کہ ان کا خون یونہی بہا دیا جائے؟معصوم بچوں کا خون بہانا انسانیت کے ساتھ بدترین ظلم ہے۔
انہوں نے کہاکہ ماموندو لغڑئی میں ڈرون حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے معصوم پھول جیسے بچے پوری قوم کے دلوں پر زخم ہیں۔ اس بربریت پر ہم خاموش نہیں رہ سکتے۔اسٹیبلشمنٹ اور صوبائی حکومت دونوں اس المیے کے ذمہ دار ہیں اور انہیں جواب دینا ہوگا کہ قبائلی عوام کو بار بار کیوں قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مذید کہا کہ اس ظلم اور ناانصافی کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی۔یہ معاملہ اسمبلی کے فلور پر بھی اٹھاینگے ، تاکہ نہ صرف ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جا سکے بلکہ معصوم شہداء کے خون کا حساب بھی لیا جا سکے۔
واضح رہے کہ آج ضلع باجوڑ کی تحصیل ماموند میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جس میں چار نوجوان جاں بحق جبکہ چار زخمی ہوگئے تھے. زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا تاہم بعد ازایں سکیورٹی فورسز نے انھیں ہیلی کاپٹر کے زریعے پشاور منتقل کردیا .