انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف چار جماعتی اتحاد کا بلوچستان میں پہیہ جام ہڑتال

انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی)، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (میپ)، ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی (ایچ ڈی پی) اور نیشنل پارٹی کی کال پر کی بلوچستان بھر میں پہیہ جام ہڑتال جاری ہے۔

چاروں سیاسی جماعتوں کے کارکنان نےصوبے کی مختلف قومی شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے بند کردیا ہے۔

کوئٹہ-چمن قومی شاہراہ کو بلیلی کے مقام پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا، مستونگ میں سیاسی کارکنوں نے کوئٹہ تا کراچی قومی شاہراہ ٹریفک کے لیے بند کر دی۔اسی طرح بلوچستان کے شہر گوادر کے علاقے سربند کے مقام پر گوادر کراچی قومی شاہراہ ٹریفک کے لیے بند ہے۔

ضلع نوشکی میں چار جماعتی اتحاد کی کال پر انتخابی نتائج میں دھاندلی کے خلاف نوشکی اسٹیشن کے مقام پر روڈ بلاک کر دیا گیا جس کی وجہ سے کوئٹہ تفتان آرسی ڈی شاہراہ پر ٹریفک معطل ہو گئی۔

چار جماعتی اتحاد کی کال پر بارکھان کے مقام پر بلوچستان۔ پنجاب قومی شاہراہ بھی ٹریفک کے لیے بند ہے۔

ضلع حب میں بھی سندھ-بلوچستان قومی شاہراہ بند ہے، اسی طرح اورماڑہ کے مقام پر مکران کوسٹل ہائی وے کو بند کردیا گیا۔

ضلع قلات میں چار جماعتی اتحاد کی کال پر مغلزئی کے مقام پر قومی شاہراہ بند ہے جبکہ خضدار میں کوشک کے مقام پر کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر بھی ٹریفک معطل ہے۔