پشاور :تھانے پر دہشتگردوں کے حملے میں ڈی ایس پی سمیت 3 اہلکار شہید

پشاور کے سربند تھانے پر دہشتگردوں کے حملے کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 3 اہلکار شہید ہوگئے۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس آپریشنز پشاور کاشف عباسی نے واقعہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ بڈھ بیر کے علاقے میں واقع سربند پولیس اسٹیشن پر رات گئے دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس سردار حسین اور ان کے 2 محافظ ارشاد اور جہانزیب دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں جان کی بازی ہار گئے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’متعدد سمتوں سے اور متعدد ہتھیاروں کے استعمال کے ساتھ یہ ایک مربوط حملہ تھا جس میں ہینڈ گرنیڈ، اسنائپر شاٹس اور خودکار بندوقوں کا استعمال کیا گیا‘۔

انہوں نے کہا کہ مقتول پولیس افسر نے فرار ہونے والے دہشت گردوں کا پیچھا کیا اور انہیں گھیرنے کی کوشش کی لیکن فائرنگ کے تبادلے میں وہ اور دیگر 2 پولیس اہلکار جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، حملے کے بعد مسلح دہشتگرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ علاقے میں جاری سرچ آپریشن ختم کردیا گیا ہے اور صبح دوبارہ سرچ آپریشن کیا جائے گا۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے سربند پولیس اسٹیشن پر حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے سربند تھانے پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پشاور میں ادا کردی گئی جس میں اعلیٰ پولیس اور فوجی حکام نے بھی شرکت کی۔