محکمہ تعلیم خبیرپختونخوا نے صوبائی دارلحکومت پشاور کے سرکاری سکولوں میں یوم آزادی کی تقریبات کے عدم انعقاد پردو پرنسپل سمیت 12 اساتذہ کو معطل کردیا ہے۔
آج یوم آزادی کے دن سیکرٹری ایجوکیشن خیبر پختونخوا معتصم بااللہ نے پشاور کے مختلف سرکاری سکولوں کا دورہ کیا .
محکمہ تعلیم کے مطابق سیکرٹری ایجوکیشن نے یوم آزادی کی تقریب نہ منانے پرحارث شہید ہائی سکول کے پرنسپل آفتاب کومعطل کیا۔
سیکرٹری تعلیم نے پرائمری سکول زریاب کالونی کا بھی دورہ کیا جہاں پر ہدایات کے باوجود سکول میں یوم ازادی کے حوالے سے کسی قسم کی تقریب کا اہتمام نہیں کیا گیا تھا جس کی وجہ سے سکول ہیڈ ٹیچر سمیت 11 اساتذہ کو بھی معطل کردیا گیا۔
سیکرٹری تعلیم نے متعلقہ سکولوں کے عملے کو دور افتادہ علاقوں میں تبدیل کرنے کے احکامات بھی جاری کردیئے۔
سیکرٹری تعلیم کے مطابق یوم آزادی کی تقریبات کے سلسلے میں کسی بھی غفلت کو برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ تمام اضلاع کے افسران کو یوم آزادی تقریبات سے متعلق رپورٹس فوری طور انہیں ارسال کرنے کی ہدایات بھی جاری کردی۔
واضح رہے کہ یوم آزادی سے پہلے محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے صوبے کے تمام سرکاری سکولوں میں یوم آزادی کی تقریبات منانے کے ہدایات جاری کئے تھے۔